جوئیڈا ،31 ؍ مئی (ایس او نیوز) اپنے دوست کی برتھ ڈے پارٹی میں شامل ہونے کی بات کہہ کر گھر سے نکلنے والا نوجوان ایک تالاب میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا ہے جس کے تعلق سے اس کے والدین نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ انشی کا رہنے والا دگمبر مڈیوال (23 سال) 29 مئی کو اپنے گھر سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ وہ جنگلاتی علاقہ میں واقع نیچر کیمپ کے پاس تالاب کنارے منعقد ہونے والی اپنے دوست اودئے پیڈنیکر کی برتھ ڈے پارٹی میں شامل ہونے کے لئے جا رہا ہے ۔
اس کے بعد پتہ چلا کہ پارٹی کے دن شام چار بجے وہ اپنے دوست ونائیک پیڈنیکر کے گھر جا کر وہاں سے دگمبر تالاب میں تیرنے کے لئے گیا تھا اور وہاں وہ پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا ۔ اسے تلاش کرنے کی تمام کوشش ناکام ہوگئی اور اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں چلا ۔ دگمبر کے والد شیوانند مڈیوال نے پولیس کے پاس شکایت درج کرواتے ہوئے اسے تلاش کرنے کی مانگ کی ۔